ریاض، 12 دسمبر ( یو این آئی) سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں فٹ بال تنظیم فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) کے صدرکی میزبانی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب کو 2034 کے فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کے فرائض سونپ دیئے گئے۔فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی، یہ اعلان زیورخ میں فٹ بال تنظیم کے صدر گیانی انفانٹینو کی میزبانی میں منعقد ہوا۔ڈان نیوز کے مطابق میزبانی کی ریس میں سعودی عرب واحد امیدوار تھا، قطر کے بعد سعودی عرب فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہوگا۔فیفا نے 2030 اور 2034 کے فٹبال ورلڈکپ میزبان ممالک کا اعلان کیا ہے، فٹبال ورلڈکپ 2030 کی میزبانی مشترکہ طور پر مراکش، اسپین اور پرتگال کرے گے۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی بولی کو فیفا کے 200 سے زائد رکن فیڈریشنز کی جانب سے آن لائن اجلاس میں بھرپور پذیرائی ملی، یہ اجلاس آج ( بدھ) کے روز زیورخ میں فٹ بال تنظیم کے صدر گیانی انفانٹینو کی میزبانی میں منعقد ہوا۔فیفا کے اعلان کے مطابق 2030 کے ورلڈ کپ کی 6 ممالک میزبانی کریں گے جس میں اسپین، پرتگال اور مراکش شامل ہوں گے، ایونٹ مشترکہ طور پر 6 ممالک میں کھیلا جائے گا،ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوروگوئے کو 104 میچز میں سے ایک ایک میچ دیا جائے گا۔
جنوبی امریکا کی شمولیت 1930 میں یوروگوئے میں منعقد ہونے والے پہلے ورلڈ کپ کی صد سالہ تقریب کی یادگار ہوگی۔واضح رہے کہ قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ پر شکست دے کر تیسری بار عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔