ڈنیڈن، 17 جنوری (یو این آئی) فن ایلن کی ریکارڈ 137 رنوں کی طوفانی اننگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بدھ کو تیسرے ٹی-20 میچ میں پاکستان کو 45 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان پر 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔آج یہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بلے بازی کرتے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور چوتھے اوور میں اس نے ڈیون کونوے سات رن کا وکٹ گنوادیا۔ اس کے بعد فن ایلن نے ٹم سیفرٹ کے ساتھ طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے دوسرے وکٹ کے لئے 125 رنز جوڑے۔ سیفرٹ 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فن ایلن نے اپنی طوفانی اننگ میں پانچ چوکے اور 16 چھکے لگاتے ہوئے 62 گیندوں پر 137 رنز بنائے۔ گلین فلپس 18 اور ڈیرل مچل آٹھ رنز بناکربعد آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 224 رنز کا بڑا اسکور کھڑاکیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔225 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی اورچوتھے اوور میں اس نے سلامی بلے باز صائم ایوب 10 رن کا وکٹ کھودیا۔ تاہم تیسرے نمبر پر کھیلنے آئے بابر اعظم نے 37 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ محمد رضوان 20 گیندوں پر 24، فخر زمان 19، نواز 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر صرف 179 رنز بنا سکی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ 19 جنوری اور پانچواں اور آخری میچ 21 جنوری کو کھیلا جائے گا۔