ڈنیڈن، 17 جنوری (یو این آئی) نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز فن ایلن نے آج تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستانی گیند بازوں کی جم کر دھنائی کرتے ہوئے 62 گیندوں میں 137 رنز کی اپنی سنچری میں 16 چھکوں کے عالمی ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔ایلن اب نیوزی لینڈ کے لیے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس اننگز میں 137 رنز بنا کر انہوں نے برینڈن میک کولم کے 123 رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایک اننگز میں 16 چھکے لگا کر سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کر لیا۔افغانستان کے حضرت اللہ زازئی 16 چھکوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں اور اب فن ایلن بھی ان کی برابری پر پہنچ گئے ہیں۔ حضرت اللہ زازئی نے فروری 2019 میں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں 62 گیندوں پر 162 رنز بنائے تھے۔ اس اننگز میں انہوں نے 11 چوکے اور 16 چھکے لگائے۔ اب فن ایلن نے اتنی ہی گیندوں پر 137 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور 16 چھکے لگائے۔