نئی دہلی،9 جون (یو این آئی) وقفہ سے ٹھیک پہلے گورو نیگی کے گول اور 70ویں منٹ میں ہرش بھردواج کے گول کی مدد سے ڈریم ٹیم نے شکتی ایف سی کو دو ایک گول سے شکست دے کر ڈی ایس اے اے ڈویژن لیگ میں تین اہم پوائنٹس اسکور کئے۔نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں فرنٹیئر ایف سی نے رائل ایف سی کو 6-1 سے ہرا کر تیسری جیت درج کی۔ فاتح کی جانب سے جہاں شاپور جی اور آنند کمار نے دو دو گول کئے۔ ڈیوڈ موتلا اور امن دت سیموال نے ایک ایک گول کیا۔ شکست خوردہ رائل کا گول پرویسنگ منگتےنے کیا۔ڈریم ٹیم کی حملہ آور لائن اپ جس میں پلیئر آف دی میچ گورو نیگی کے ساتھ ساتھ ہرش بھردواج، انمول ادھیکاری اور رودرانش نے کئی اچھے مواقع بنائے اور گنوائے۔ شکتی کے گول کیپر تشار نے کچھ اچھے بچائے کئے ورنہ گول کا فرق زیادہ ہو سکتا تھا۔ شکتی ٹیم کی جانب سے واحد گول تھانگپو نے کیا۔ فرنٹیئر نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور زیادہ تر وقت مخالف گول کو گھیر لیا۔ تاہم پہلے گول کے لیے انہیں 33 منٹ انتظار کرنا پڑا۔ شاپور جی کے فارم میں آنے کے بعد گول بڑھتے گئے۔ لیکن فاتح ٹیم مواقع سے بھرپور فائدہ نہ اٹھا سکی۔آج کی جیت کے ساتھ، فرنٹیئر کے پانچ میچوں میں سے نو پوائنٹس ہو گئے ہیں، جبکہ رائل اور وکٹری پیچھے ہیں۔