راجکوٹ، 07 جنوری (یو این آئی) چیتیشور پجارا نے 2023-24 رنجی ٹرافی سیزن کے ابتدائی راؤنڈ میں اتوار کو جھارکھنڈ کے خلاف فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 17 ویں ڈبل سنچری بنائی۔پجارا نے کل سے 157 رنز آگے کھیلتے ہوئے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں اپنی ڈبل سنچری بنائی اور لنچ کے بعد سوراشٹر نے 436 رنز کی بڑی برتری کے ساتھ چار وکٹ پر 578 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے خلاف 356 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 243 رنز بنائے۔
رنجی ٹرافی میں یہ ان کی آٹھویں ڈبل سنچری ہے۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں پارس ڈوگرا کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔پجارا کے نام پر تین فرسٹ کلاس ٹرپل سنچریاں بھی ہیں، جن میں سے اکتوبر 2013 میں ویسٹ انڈیز اے کے خلاف بنی تھی۔
اس ڈبل سنچری کے ساتھ پجارا نے انگلینڈ کے خلاف حیدرآباد میں 25 جنوری سے شروع ہونے والی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اپنی بولی مضبوط کر لی ہے۔
پجارا نے آخری بار جون میں اوول میں آسٹریلیا کے خلاف ڈبلیو ٹی سی فائنل میں کھیلا تھا جس میں انہوں نے 14 اور 27 رنز بنائے تھے جب ہندوستان کو 209 رنز سے شکست ہوئی تھی۔وہ ممکنہ طور پر 12 سے 15 جنوری تک اپنے گھر پر ہریانہ کے خلاف کم از کم ایک اور رنجی میچ کھیلیں گے، اس سے پہلے کہ انگلینڈ ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے۔ سوراشٹر کا تیسرا میچ 19 سے 22 جنوری تک ودربھ کے خلاف ہے۔