کیپ ٹاؤن، 24 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے بدھ کو اپنے دوسرے میچ میں فرانس کے خلاف دو گول کی برتری گنواکر2-2 سے ڈرا کھیلا۔جنوبی افریقہ کے دورے پر آج یہاں ہندوستان اور فرانس کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کی جانب سے مندیپ سنگھ نے آٹھویں اور امت روہیداس نے 19ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی تھی۔ ہندوستانی ٹیم ہاف ٹائم تک 2-0 سے آگے تھی۔ لیکن اس کے بعد فرانسیسی ٹیم نے ہندوستانی دفاع کو توڑ دیا اور ٹیم کے لیے ٹموتھی کلیمنٹ نے 37ویں اور بی گیسپارڈ نے 59ویں منٹ میں گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ہندوستانی ہاکی ٹیم جمعہ کو جنوبی افریقہ اور اتوار کو نیدرلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔