لیپزگ، 19 جون (یو این آئی) متبادل کھلاڑی فرانسسکو کونسیکاو کے آخری لمحات میں کیے گئے گول کی بدولت پرتگال نے یورو کپ میں بدھ کو مضبوط چیک جمہوریہ کو 2-1 سے شکست دے دی۔ جرمنی کے لیپزگ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے پہلی سیٹی کے بعد سے ہی گیند کو اپنے قبضے میں رکھ کر کئی مواقع بنائے لیکن پرتگال کے اسٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو کو چیک جمہوریہ کے مضبوط ڈیفنس نے گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔ چھ بار یورو کپ کا فائنل کھیلنے والے رونالڈو نے پہلے ہاف میں دو بار کوشش کی لیکن چیک جمہوریہ کے گول کیپر جندرچ اسٹینیک نے انہیں ناکام بنا دیا۔ کھیل کے 62ویں منٹ میں چیک جمہوریہ کے لوکاس پرووڈ نے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی لیکن یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ سات منٹ بعد رابن ہرانیک نے گول کر کے اسکور کو 1-1 سے برابر کر دیا، جس سے پرتگال مقابلے میں واپس آگیا۔ میچ آہستہ آہستہ برابری کی طرف بڑھ رہا تھا اور 92ویں منٹ میں فرانسسکو کونسیکاو نے گول کر کے پرتگال کو سنسنی خیز فتح دلا دی۔ میچ کے بعد پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹنیز نے اپنی ٹیم کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فرانسسکو نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ چیک جمہوریہ کے کوچ ایوان ہسیک نے کہا کہ “ہم نے پرتگال کے لیے بہت مشکل کھڑی کردی، جو دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔” اضافی وقت میں گول کھانا مایوس کن رہا۔