ڈھاکہ، 21 اگست (یو این آئی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آج سابق چیف سلیکٹر فاروق احمد کو بورڈ کا نیا صدرمقرر کیا۔آج ڈھاکہ میں ہونے والے بی سی بی کے اجلاس میں ناظم الحسن کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد فاروق احمد کو بورڈ کا نیا صدربنایا گیا ہے۔ حسن کےعہدے کی مدت کاراگلے سال اکتوبر میں ختم ہونی تھی لیکن ملک میں حالیہ سیاسی تبدیلیوں کے باعث انہوں نے قبل از وقت عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ناظم الحسن پوپن سابق وزیرِ اعظم حسینہ واجد کے قریبی افراد میں شامل تھے۔ناظم الحسن پوپن کے پاس وزیر کھیل کا بھی قلمدان تھا۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے اصلاحات لانے کی خاطر محمد یونس کی زیر قیادت حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے اپنا عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کی ہے۔نظم الحسن بطور صدر بی سی بی چوتھی مدت کے لیے خدمات انجام دے رہے تھے، وہ ملک میں جاری موجودہ سیاسی حالات کے بعد سے لندن میں روپوش ہیں۔قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے بی سی بی کو ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی ترک کرنا پڑی۔ اب خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوگا۔ اس وقت بنگلہ دیش کی مردوں کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے۔