نئی دہلی 23اپریل: گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی آگ لگنے کے واقعات میں بھی لگاتار اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق منگل کی صبح گروگرام-فرید آباد سرحد پر موجود لینڈ فِل سائٹ (کوڑے کے پہاڑ) میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ہر طرف دھواں ہی دھواں دکھائی دے رہا ہے اور لوگوں کو سانس لینے میں بھی دقتیں پیش آ رہی ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اتوار کے روز دہلی کے غازی پور لینڈ فِل سائٹ پر آگ لگی تھی جو ابھی بجھی بھی نہیں ہے، اور اب بندھواڑی لینڈ فِل سائٹ میں لگی آگ نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے فائر ٹنڈر موقع پر موجود ہیں، لیکن انھیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ تیز ہوا چلنے کے سبب آگ تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔ فائر بریگیڈ محکمہ کے افسران کا کہنا ہے کہ اس آگ کو بجھانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ کوڑے کے پہاڑ میں آگ لگنے سے مقامی لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آس پاس کے لوگ کوڑے کے ڈھیر سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں سے پریشان ہیں۔ انھیں سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے اور فی الحال اس آگ پر قابو ہوتا بھی دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے گروگرام کے ساتھ ساتھ فرید آباد، پٹودی اور مانیسر کے فائر بریگیڈ اہلکار بھی کوششیں کر رہے ہیں۔ گروگرام-فرید آباد سرحد پر واقع بندھواڑی لینڈ فِل سائٹ پر میتھین گیس کی وجہ سے آگ لگنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کوڑے کے پہاڑ میں آگ علی الصبح لگی تھی۔ ہریانہ فائر سروس کے ایک افسر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ لینڈ فِل سائٹ پر کسی شخص نے سگریٹ یا کوئی کیمیکل پھینکا ہے جس کی وجہ سے آگ لگی ہے۔ ساتھ ہی زیادہ گرمی کے سبب کوڑے میں موجود میتھین گیس سے بھی آگ لگنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔