نئی دہلی18ستمبر: جموں و کشمیر میں آج اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے ریاست کے لوگوں سے بڑی تعداد میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنے آئینی حقوق کے تحفظ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خواتین کو مضبوط کرنے اور ریاست کی خوشحالی کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ وہیں، کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے جموں و کشمیر کے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امن، استحکام، انصاف اور ترقی کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ دیں۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’جموں و کشمیر کے میرے بھائیوں اور بہنوں، آج ریاست میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی ریاست سے اس کی ریاستی حیثیت چھین کر اسے مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ بنایا گیا ہے – یہ آپ سب کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی اور جموں و کشمیر کی توہین ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا، ’’انڈیا (اتحاد) کو دیا گیا آپ کا ایک ایک ووٹ، آپ کے حقوق واپس دلائے گا، روزگار کی بہتات لائے گا، خواتین کو مضبوط بنائے گا، آپ کو ‘ناانصافی کے دورسے نکالے گا اور جموں و کشمیر کو دوبارہ خوشحال بنائے گا۔‘‘ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے نکل کر اپنے جمہوری حق کا استعمال کریں۔ انڈیا کو ووٹ دیں۔‘‘ کانگریس صدر کھڑگے نے سوشل میڈیا ‘ایکس پر لکھا، ’’جموں و کشمیر کے لوگ اپنے حقوق کے تحفظ اور حقیقی ترقی اور مکمل ریاست کے نئے دور کا آغاز کرنے کے لیے بے چین ہیں۔