نئی دہلی، 16 مارچ (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے چار ریاستوں آندھرا پردیش، اڈیشہ، اروناچل پردیش اور سکم کی کل 414 اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخابات کرانے اور مختلف ریاستوں کی 26 خالی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات کا اعلان کیا گیا ان کے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمشنروں مسٹر گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو کے ساتھ راجدھانی کے وگیان بھون میں منعقدہ ایک خصوصی پریس کانفرنس میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ان اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔
آندھرا پردیش کی تمام 175 اسمبلی سیٹوں کے لیے 13 مئی کو لوک سبھا کی ووٹنگ کے چوتھے مرحلے کے ساتھ انتخابات ہوں گے۔اس کے لیے 18 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور 25 اپریل تک نامزدگی داخل کیے جاسکیں گے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 اپریل کو ہوگی اور 29 اپریل تک نام واپس لیے جاسکتے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 04 جون کو لوک سبھا انتخابات کی گنتی کے ساتھ کی جائے گی۔ انتخابی عمل 6 جون تک مکمل ہو جائے گا۔
اروناچل پردیش کی تمام 60 اسمبلی سیٹوں کے لیے 19 اپریل کو لوک سبھا کے لیے ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے ساتھ ہی انتخابات ہوں گے۔ اس کا نوٹیفکیشن 20 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک داخل کیے جاسکتے ہیں اور ان کی جانچ پڑتال 28 مارچ اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 30 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی اور انتخابی عمل 6 جون کو مکمل ہوگا۔
اوڈیشہ اسمبلی کی 147 نشستوں کے لیے بالترتیب لوک سبھا انتخابات کے چوتھے، پانچویں، چھٹے اور ساتویں مرحلے کے ساتھ چار مرحلوں میں 13 مئی، 20 مئی، 25 مئی اور 1 جون کو انتخابات ہوں گے۔ ریاستی اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 28 سیٹوں کے لیے انتخابی نوٹیفکیشن 18 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 25 اپریل تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 اپریل کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی 29 اپریل تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔
سکم میں اسمبلی کے انتخابات عام انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ 19 اپریل کو ہوں گے۔ 32 نشستوں والی ریاستی اسمبلی کے لیے 20 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 مارچ، جانچ پڑتال 28 مارچ اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہماچل پردیش کی چھ، گجرات کی پانچ، اتر پردیش کی چار، مغربی بنگال کی دو اور ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، تریپورہ، تلنگانہ، راجستھان، کرناٹک، بہار اور تملناڈو کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخابات کرانے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ یہ انتخابات ان ریاستوں میں عام انتخابات کے ساتھ مختلف مراحل میں کرائے جائیں گے۔