راؤور کیلا:03؍فروری:ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش عالمی چیمپئن بننے کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ ہار گئے ہیں۔ انہیں اتوار کو ٹاٹا اسٹیل ماسٹرز 2025 کے ٹائی بریک میچ میں 19 سالہ ہندوستانی گرینڈ ماسٹر آر پرگناندا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی پرگناندھا، وشواناتھن آنند کے بعد یہ خطاب جیتنے والے دوسرے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ وشواناتھن آنند یہ ٹائٹل پانچ بار جیت چکے ہیں (1989، 1998، 2003، 2004، 2006)۔ وہ اس میں دو مرتبہ مشترکہ فاتح رہے ہیں۔
گوکیش اور پرگناندھا 13ویں راؤنڈ میں اپنے اپنے میچ ہار گئے۔ گوکیش ارجن ایریگیسی سے ہار گئے۔ دریں اثناء پرگناندھا کو جرمن گرینڈ ماسٹر ونسنٹ کیمر نے شکست دی۔ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کے بعد پرگناندھا اور گوکیش کے پاس 8.5-8.5 پوائنٹس تھے۔ اس کے بعد اتوار کو وجک آن زی، نیدرلینڈز میں کھیلے گئے ٹائی بریکر میچ کے ذریعے فاتح کا فیصلہ ہوا۔ اس میں پرگناندا نے پیچھے رہ کر واپسی کی اور گوکیش کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔