نئی دہلی5جنوری: صومالیہ کے قریب ایک جہاز کو ہائی جیک کر لیا گیا ہے جس میں عملے کے 15 ہندوستانی ارکان سوار ہیں۔ ’ایم وی لیلا نورفوک‘ نامی اس جہاز کو صومالیہ کی سمندری سرحد کے قریب ہائی جیک کیا گیا ہے۔ ہائی جیکنگ کی اطلاع ملنے کے فوری بعد ہندوستانی بحریہ متحرک ہو گئی ہے۔ بحریہ نے اپنے ایک جنگی جہاز آئی این ایس چنئی کو مغوی جہاز کی طرف روانہ کر دیا ہے۔ بحریہ کا کہنا ہے کہ ’ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔‘ ہندوستانی بحریہ کے حکام کے مطابق مغوی جہاز ‘ایم وی لیلا نورفوک کی تلاش کے لیے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ جہاں کو اغوا کئے جانے اطلاع جمعرات کی شام کو موصول ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق صومالیہ کے ساحل سے ہائی جیک کیے گئے اس جہاز پر لائبیریا کا جھنڈا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کے طیارے جہاز پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عملے کے رکن کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ جہاز میں عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں۔ واضح رہے کہ صومالیہ کے قریب جہاز کو ہائی جیک کرنے کا واقعہ کوئی نیا نہیں ہے۔ حال ہی میں صومالیہ میں قزاقوں نے مالٹا کے جہاز ’ایم وی روئن‘ کو بحیرہ عرب میں ہائی جیک کر لیا تھا، یہ جہاز ترکی جا رہا تھا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہندوستانی بحریہ فوری طور پر متحرک ہو گئی تھی۔ بحریہ کی جانب سے ایک جنگی جہاز اور ایک میری ٹائم گشتی طیارے کو عجلت میں بحیرہ عرب میں بھیجا گیا اور جہاز کو آزاد کرا لیا گیا۔