بھوپال:2؍مارچ:مرکزی وزیر اسٹیل اور دیہی ترقیات مسٹر پھگن سنگھ کلستے نے کہا ہے کہ شہڈول پارلیمانی حلقہ میں پاسپورٹ آفس کے کھلنے سے شہڈول، انوپ پور، امریا اور پڑوسی اضلاع کے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ پاسپورٹ آفس کھلنے سے اب آپ کو بھوپال یا جبل پور نہیں جانا پڑے گا۔ وقت بھی بچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ کے کاغذات پیپر لیس ہوں گے اور 15 دن کے اندر پاسپورٹ ڈاک کے ذریعے درخواست گزار کے گھر پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو پاسپورٹ کی فوری ضرورت ہو تو اسے 24 گھنٹے کے اندر دینے کا انتظام ہوگا۔ وزیر مملکت مسٹر کلستے نے ہفتہ کو کلکٹریٹ کمپلیکس، شاہڈول میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔مرکزی وزیر مملکت مسٹر کلستے نے پاسپورٹ آفس شہڈول کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا اور دفتر کا دورہ کرنے کے بعد یہاں پر دستیاب سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری لی۔مسٹر کلستے نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں 15 نومبر 2023 سے وکست بھارت سنکلپ یاترا نکالی گئی تھی تاکہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی اسکیموں کا فائدہ پہنچایا جا سکے۔ اس یاترا میں اسکیموں کا براہ راست فائدہ اہل لوگوں کو دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2027 تک ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت عام لوگوں کو بہت سی جدید سفری سہولیات جیسے ہائی ویز، واٹر ویز، ریلوے وغیرہ فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت کاٹیج اور دیہی صنعت (آزادانہ چارج) مسٹردلیپ جیسوال نے کہا کہ شہڈول میں پاسپورٹ آفس کھلنے سے طلباء ، تاجروں اور مختلف علاقوں کے لوگوں کو پاسپورٹ بنوانے کے لیے بڑے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عام لوگوں کی سہولت کے لیے بہت سی ایجادات کر رہی ہیں۔
علاقائی ایم پی مسز ہمادری سنگھ نے کہا کہ شہڈول میں پاسپورٹ آفس کھلنے سے شہڈول ڈویزن اور پڑوسی اضلاع کے لوگوں کو پاسپورٹ بنوانے میں بڑی سہولت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس پارلیمانی حلقے کی ترقی کی نئی جہتیں قائم ہوں گی۔
ایم ایل اے جے سنگھ نگر مسز منیشا سنگھ نے کہا کہ شہڈول میں پاسپورٹ آفس کھلنے سے اب کسی کو پاسپورٹ کے لیے زیادہ دور نہیں جانا پڑے گا اور وہ وقت پر پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے۔
پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر جیت پور کے ایم ایل اے مسٹر جے سنگھ ماراوی، مسٹر برجیش کمار (انڈین پوسٹل سروس)، پوسٹ ماسٹر جنرل جبل پور، انڈین فارن سروس کے ریجنل پاسپورٹ آفیسر مسٹر شیتانشو چورسیا، خواتین اور مالیاتی ترقی کارپوریشن کی سابق چیئرمین محترمہ امیتا چھپرا، ضلع پنچایت صدر محترمہ پربھا مشرا، سابق ایم ایل اے محترمہ پرمیلا سنگھ، میونسپل صدر مسٹر گھنشیام جیسوال اور سماجی کارکن مسٹر کمل پرتاپ سنگھ موجود تھے۔








