بھوپال 9 جنوری۔اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اثر اربن باڈی کے ضمنی انتخابات پر بھی نظر آرہا ہے۔ مدھیہ پردیش میں کونسلر کے 22 عہدوں کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے 16 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ کانگریس صرف تین سیٹیں جیت سکی۔ تین نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
ریاست میں پنچایتوں اور شہری اداروں کے ضمنی انتخابات کے تحت 5 جنوری کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس میں 9 ہزار 220 پنچ، 56 سرپنچ، 15 ضلع پنچایت ممبر اور ایک ضلع پنچایت ممبر کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے ساتھ ہی مختلف اضلاع کے 20 وارڈوں میں بھی ووٹنگ ہوئی۔
بھوپال میں بھاجپا کے ریحان صدیقی وارڈ کونسلر منتخب
بھوپال میں ایک کونسلر اور کل 355 پنچ عہدوں کے لیے 5 جنوری کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ بی جے پی، کانگریس سمیت دیگر پارٹیوں کے امیدوار انتخابی میدان میں تھے۔ بھوپال کے وارڈ نمبر 41 کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے ڈاکٹر ریحان صدیقی کا مقابلہ کانگریس کے محمد فہیم، عام آدمی پارٹی کے اسد علی، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے توقیر احمد نظامی سے تھا۔ وارڈ میں 10 ہزار 20 ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں سے بی جے پی کے ریحان صدیقی کو 4,873 ووٹ ملے۔ کانگریس کے محمد فہیم کو صرف 2,253 ووٹ ملے۔اس وارڈ سے دیگر امیدوار توقیر نظامی ایم آئی ایم کو 78آزاد اکبر احمد کو2164,آزاد امیدوار علیمِ الدین کو 25,قاضی آصف کو 364۔محمد مظہر مرزا کو 98 اور کلیم خاں کو ایک بھی ووٹ نہیں ملا۔یہ سیٹ پانچ بار کے کانگریس پارشد محمد صغیر قریشی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔
بی جے پی نے دو وارڈوں میں بلامقابلہ کامیابی حاصل کی۔
شہری باڈی کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی امیدواروں نے پنا اور راج گڑھ میں بلامقابلہ کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے کٹنی اور دھار میں دو دو اور بھوپال، منڈلا، نرسنگھ پور، میہر، رتلام، جبل پور، میہر، بیتول، دموہ اور دیواس میں ایک ایک سیٹ جیتی۔