شکیب الحسن کا ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

0
1

کانپور، 26 ستمبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن نے جمعرات کو کانپور میں ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔شکیب نے جمعہ کو ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے موقع پر یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اگلے ماہ میرپور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے بعد ریٹائر ہو جاؤں گا۔ یہ میرے کیریئر کا آخری میچ ہوگا لیکن مجھے نہیں معلوم کہ مجھے اس میچ میں کھیلنے کا موقع ملے گا یا نہیں۔اپنے شاندار ٹیسٹ کیریئر کے لئے شائقین اور بورڈ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ’’اپنا ٹیسٹ کیریئر اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے ختم کرنا بہتر رہے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اور میں اس فارمیٹ میں اپنا آخری میچ گھریلو سرزمین پر کھیلنا چاہوں گا۔تقریباً 17 سال پر محیط اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران اپنے ملک کے لیے بہت سی حصولیابیاں حاصل کرنے والے شکیب نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے کا وقت آ گیا ہے لیکن مجھے یقین نہیں ہے کہ ملک کی ناخوشگوار صورتحال کے درمیان میرپور میں اپنے ناظرین کے سامنے مجھے ریٹائر ہونے کا موقع ملے گا۔شکیب نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ نوجوانوں کو فوری طور پر کرکٹ میں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں اور اس کے لیے انہیں کرکٹ کے اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینا ہو گا۔
قابل ذکر ہے کہ 37 سالہ شکیب اب تک اپنے ملک کے لیے 70 ٹیسٹ میچ کھیل کر4600 رنز بنا چکے ہیں جس میں ان کی پانچ سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے 31.85 کی اوسط سے 242 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ شکیب نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ بنگلہ دیش کے لیے 2007 میں کھیلا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے 129 میچوں میں 2551 رنز بنائے اور 149 وکٹیں حاصل کیں۔