جے پور27مارچ:راجستھان پردیش کانگریس گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے بدھ کے روز الزام عائد کیا کہ مقامی انتظامیہ نے بیکانیر میں پارٹی لیڈران کا ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت نہیں دی۔ حالانکہ بیکانیر انتظامیہ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ ڈوٹاسرا نے بیکانیر کے ایڈیشنل ضلع کلکٹر (سٹی) کے ایک خط کو شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’بینک اکاؤنٹس فریز کریں گے، ریلی میں پہنچنے سے روکیں گے… شکست سے خوفزدہ بی جے پی کے لوگ انتخاب میں کیا کیا کریں گے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’ہیلی کاپٹر سے چرو سے بیکانیر جانے کی اجازت ہونے کے بعد بھی ڈرپوک امیدوار نے تاناشاہی سے دباؤ ڈال کر رخنہ پیدا کر دیا۔ کتنی ہی کوشش کر لو، بیکانیر میں موریا بولے گا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ بدھ کے روز بیکانیر سے کانگریس امیدوار گووند رام میگھوال نے بدھ کو پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس میں کانگریس کے راجستھان انچارج سکھجندر سنگھ رندھاوا اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کو ہیلی کاپٹر سے آنا تھا۔ یہ لیڈر بعد میں سڑک کے راستے بیکانیر پہنچے۔ بیکانیر سے بی جے پی کی طرف سے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال انتخاب لڑ رہے ہیں۔