نئی دہلی، 5 نومبر (یو این آئی)ہندستانی شوٹر ذاکر خان آج 5 نومبر کو اپنی یوم پیدائش منا ر ہے ہیں ۔ وہ آج کے دن 1988 میں شاہجہاں پور، میرٹھ میں پیدا ہوئے۔ ذاکر نے ایئر پسٹل اور فری پسٹل مقابلوں میں متعدد تمغے جیتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر 10 میٹر اور 50 میٹر کے مقابلوں میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر تمغے بھی جیتے ہیں ۔ انہوں نے ملک بھر میں کئی بار ہندوستان کی عزت افزائی کی ہے۔ ذاکر نے 10 برس کی عمر سے ہی شوٹر بننے کا خواب دیکھا تھا۔ انہوں نے شوٹنگ کی تربیت اپنے ماموں عبدالسلام خان اور ڈاکٹر راجپال سنگھ کی رہنمائی میں لی۔ایک لڑکا جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے لیے اپنے ساتھیوں سے پستول ادھار لیتا تھا۔ میرٹھ کے ایک جنریٹر مکینک کے بیٹے کے بڑے خواب اور پختہ عزم تھا۔ باغپت کے ایک چھوٹے سے گاؤں جوہری سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والے ایک بین الاقوامی شوٹر ذاکر خان نے اپنے کھیل کیریئر میں مختلف نشیب و فراز کا سامنا کیا لیکن اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی اور کبھی حالات اور پریشانیوں سے ہمت نہیں ہاری۔
ذاکر کا تعلق شاہجہاں پور، میرٹھ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے لیکن شوٹنگ سے ان کی محبت باغپت کے جوہری گاؤں میں ان کے نانی کے گھر سے شروع ہوئی۔ ڈاکٹر راجپال سنگھ اور ان کے ماموں عبدالسلیم خان جن کا شوٹنگ کا 25 سال کا تجربہ تھا، اس کھیل میں جانے کے لیے ذاکر کی خوب حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ذاکر کی مالی مدد بھی کی۔