شراب کی بوتل پر بی جے پی لیڈروں کی تصویریں

0
11

نئی دہلی 21مئی: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک شخص ہاتھ میں شراب کی بوتل پکڑے نظر آ رہا ہے۔ اس پر چھپی بی جے پی کے بڑے لیڈروں کے فوٹو دکھا کر کہہ رہا ہے کہ یہاں بہت ترقی ہو رہی ہے۔ بوتلوں پر سیاست دانوں کے فوٹو لگا کر پرچار کیا جا رہا ہے۔ اس ویڈیو کو سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی شیئر کیا ہے جس کے بعد یہ معاملہ سرخیوں میں آ گیا ہے۔ یہ ویڈیو اتر پردیش کے باندہ چترکوٹ پارلیمانی حلقے کی بتائی جا رہی ہے۔ اس ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ شراب کے ایک پیکٹ پر موجودہ امیدوار اور ایم پی آر کے پٹیل کے ساتھ بی جے پی کے سینئر لیڈروں کی تصویریں ہیں۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اپوزیشن پارٹیوں نے الیکشن کمیشن سے اس پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی چترکوٹ کے ڈی ایم اور ایس پی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جانچ کا حکم دیا ہے۔ ایم پی اور بی جے پی امیدوار نے اسے مخالفین کی سازش قرار دیا ہے۔
یہ ویڈیو کب اور کہاں بنائی گئی، یہ بات ابھی تک سامنے نہیں آئی۔ وائرل ویڈیو میں ایک شخص اپنے ہاتھ میں شراب کی بوتل پکڑے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ وہ بوتل کے پیکٹ پر چھپی بی جے پی کے بڑے لیڈروں کی فوٹو دکھاتے ہوئے ان کا نام بھی لے رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ یہاں ترقی بہت زیادہ ہو رہی ہے۔ یہاں شراب کی بوتل پر لیڈروں کی تصویر لگا کر پرچار کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں کچھ اور لوگوں کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں لیکن کسی کا چہرہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سمیت کئی لوگوں نے اسے اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔ اکھلیش یادو نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’بی جے پی کتنے بھی غلط راستے اپنا لے لیکن عوام اس کو، اس کی بوتل میں بند کرنے کو اتارو ( تیار) ہے۔ منفی بی جے پی سمجھ لے، مدھیہ پان (شراب نوشی) سے مَتدان (ووٹنگ) نہیں بدلا جا سکتا۔‘