دربھنگہ18جنوری: شدید کہرے اور سردی کی وجہ سے دربھنگہ ائیرپورٹ آج (18 جنوری) مکمل طور پر بند رہا۔ یہاں سے اڑنے والی تمام 12 پروازیں رد رہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ اس سال یہ تیسری بار ہے جب اس ایئرپورٹ سے تمام پروازیں رد کر دی گئیں۔ اس سے قبل شدید کہرے کی وجہ سے 15 جنوری کو بھی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ آج کی بات کی جائے تو دہلی سے دربھنگہ آنے والی دو پروازیں رد کی گئیں، جبکہ کولکاتا، بنگلورو، حیدرآباد، ممبئی کی ایک ایک پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ پروازوں کے منسوخ ہونے کے باوجود عدم معلومات کے سبب بہت سے مسافر ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے اور جب انہیں فلائٹس کینسل ہونے کی اطلاع ملی تو شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے پروازوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور جب اس کی اطلاع مسافروں کو ملی تو ایئرپورٹ پر افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ حالانکہ متعلقہ ایئرلائنس کمپنیوں نے اپنی اپنی ویب سائٹ پر اس کی اطلاع ضرور دے دی تھی، لیکن اس سے قبل ہی کئی مسافر ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے۔ لوگوں کو کہنا تھا کہ انہیں بروقت اطلاع نہیں دی گئی جس کی وجہ سے انھیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وقت بھی ضائع ہوا۔