بھوپال 9جنوری : مدھیہ پردیش کے شاجاپور میں پیر کی رات ایک مذہبی یاترا (رام یاترا) پر پتھراؤ کی وجہ سے ہنگامہ ہوگیا۔ دریں اثناء علاقائی ایم پی مہندر سنگھ سولنکی منگل کی صبح شہر پہنچے۔ اس کے بعد انہوں نے افسران سے ملاقات کی اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات دیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہبی یاترا پر پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، باقی کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملزمان کے گھر گرانے کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کریں گے۔
مدھیہ پردیش کے شاجاپور ضلع میں پیر کی رات تقریباً آٹھ بجے مذہبی ریلی نکالنے کے معاملے پر دو برادریوں کے لوگوں کے درمیان پتھراؤ شروع ہو گیا۔ اس واقعے میں چھ افراد زخمی بتائے جاتے ہیں جن میں سے ایک شدید زخمی ہے۔ اس کے بعد ہندو تنظیم کے لوگ تھانے میں جمع ہوئے اور خاص برادری کے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے اور ان کے گھروں پر بلڈوزر چلانے پر زور دیا۔ مذکورہ واقعہ کے بعد شہر میں مزید بدامنی کو روکنے اور امن و امان کو مدنظر رکھنے کے لیے متنازعہ علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رات گئے 24 نامزد اور 20 دیگر لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مذکورہ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے دو درجن نامزد اور 20 دیگر ملزمان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 147، 148، 149، 323، 294، 506، 336، 298، 295A اور 153A کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔