نئی دہلی، 18 جون (یو این آئی) قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کو مگدھ علاقے میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) (ماؤ نواز) کوبحال کرنے کی کوششوں سے جڑے ایک معاملے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی آمدنی کے طور پر ایک کروڑ 13 لاکھ 70 ہزار 500 روپے ضبط کئے۔یہ رقم عسکریت پسندوں نے بہار اور جھارکھنڈ میں ٹھیکیداروں اور دیگر لوگوں سے جبراً حاصل کی تھی۔ یہ رقم کچھ ملزمان کے رشتہ دار کی طبی تعلیم کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔
این آئی اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ رقم 30 دسمبر 2021 کو ایجنسی کے ذریعہ از خود نوٹس سے درج معاملے میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کی دفعہ 25(1) کے تحت ضبط کی گئی ہے۔این آئی اے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک سینئر ماؤنواز لیڈر کے رشتہ دار کی میڈیکل تعلیم کے لیے رقم براہ راست تمل ناڈو کے چنئی کے ایک میڈیکل کالج کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی تھی۔