سری نگر12مارچ(یو این آئی) مرکزی حکومت کی طرف سے سی اے اے(شہریت ترمیمی بل 2019)لاگو کرنے کو بھاجپا کی طرف سے مسلمانوں کو رمضان کا تحفہ قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مسلمان ہمیشہ سے ہی بی جے پی کا نشانہ رہے ہیں اور اس بار بھی کچھ ایسا ہی کیا گیا۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ سی اے اے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ ”یہ بل 2019میں پاس ہوا اور 2024میں الیکشن کا بگل بجنے سے چند دن پہلے اس کا اطلاق عمل میں لانا ، خود بہ خود اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس کے پیچھے کیا مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ ظاہر سی بات ہے کہ بی جے پی آنے والے پارلیمانی الیکشن میں مذہب کا استعمال کرنا چاہتی ہے۔ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ بی جے پی کا ہمیشہ اگر کوئی نشانہ رہاہے تو وہ مسلمان رہاہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ اگر آپ دیکھیں تو چن چن کر صرف مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیاہے، یہ بی جے پی کی کوئی نئی سیاست نہیں ہے ، یہ پہلے سے ہی ان کا رویہ رہاہے۔