نئی دہلی 2جنوری:شہریت ترمیمی قانون یعنی سی اے اے سے متعلق ایک اہم جانکاری سامنے آ رہی ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک افسر نے شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 کے اصولوں کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے سے متعلق ایک اہم بیان دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے سینئر افسر نے منگل کے روز بتایا کہ لوک سبھا انتخاب کے اعلان سے ’کافی پہلے‘ اصول نوٹیفائیڈ کر دیے جائیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت جلد ہی سی اے اے کے لیے دستور العمل (مینوئل) جاری کرے گی۔ اس سلسلے میں ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس میں وزارت داخلہ کے سینئر افسر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک بار اصول جاری ہونے کے بعد قانون نافذ کیے جانے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔ شہریت ترمیمی قانون نافذ ہونے کے بعد اصولوں کے تحت اہل لوگوں کو ہندوستانی شہریت بھی دی جا سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ چار سال سے زیادہ کی تاخیر کے بعد سی اے اے کے نفاذ کے لیے اصول ضروری ہیں۔ کیا اس قانون کے اصول اپریل-مئی ماہ میں ہونے والے لوک سبھا انتخاب کے اعلان سے پہلے نوٹیفائی ہو جائیں گے؟ اس سوال پر سینئر افسر نے کہا کہ ’’ہاں، انتخاب کے اعلان سے کافی پہلے اصول جاری کر دیے جائیں گے۔‘‘ سینئر افسر کا کہنا ہے کہ اصول تیار ہیں اور آن لائن پورٹل بھی تیار ہے۔ پورا عمل آن لائن ہوگا۔ درخواست دہندگان کو وہ سال بتانا ہوگا، جب انھوں نے سفری دستاویزوں کے بغیر ہندوستان میں داخلہ پایا تھا۔ درخواست دہندگان سے کوئی دستاویز نہیں مانگا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 27 دسمبر کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے قانون کے نفاذ سے متعلق کولکاتا میں بیان دیا تھا۔ انھوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔