بھوپال، 6 فروری (رپورٹر) ہردا پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے میں زخمیوں کو اندور اور بھوپال ریفر کیا گیا ہے۔ دارالحکومت بھوپال کے حمیدیہ اسپتال میں 12 مریضوں کو لایا گیا۔ ان میں سے ایک مریض کی موت ہو گئی ہے۔ دیر شام وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو حمیدیہ اسپتال پہنچے۔ یہاں ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ اور آئی سی یو میں داخل زخمیوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں سے بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی اور یقین دلایا کہ سب کو بہتر علاج ملے گا۔انہوں نے ڈاکٹروں سے کہا کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مجرم کو بخشا نہیں جائے گا۔ سی ایم نے کہا کہ وہ بدھ کو اسمبلی کی کارروائی کے بعد ہردا جائیں گے۔ وزیراعلیٰ ہردا میں متاثرین سے ملاقات کریں گے۔