نئی دہلی 4جنوری: کانگریس کے 75 سالہ سینئر لیڈر اور اندرا گاندھی کی حکومت میں مرکزی وزیر رہ چکے کرن سنگھ نے وائناڈ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی جم کر تعریف کی ہے۔ انہوں نے پرینکا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ’باصلاحیت لڑکی‘ ہے۔ راہل گاندھی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، ان کے کام کے اندر پہلے کے مقابلے میں کافی بہتری آئی ہے۔ کرن سنگھ نے راہل گاندھی کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پہلے وہ راہل گاندھی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے تھے لیکن اب رابطے میں نہیں ہیں۔ وہ ایک بہترین شخصیت کے مالک ہیں۔ کرن سنگھ نے راہل گاندھی کے وزیر اعظم بننے کے متعلق کہا کہ ’’راہل گاندھی وزیر اعظم بنیں گے یا نہیں یہ قیاس کا موضوع ہے۔ لیکن میں یہ ضررو کہہ سکتا ہوں کہ ان کے اندر کافی قوت و صلاحیت موجود ہے اور ان کے پاس خود کو تیار کرنے کا وقت بھی ہے.‘‘ سابق مرکزی وزیر نے پرینکا گاندھی کے حوالے سے کہا کہ پرینکا کو تب سے جانتا ہوں جب وہ بچی تھیں۔ انہوں نے پرینکا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک زندہ دل لڑکی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کرن سنگھ صرف 36 سال کی عمر میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی کابینہ کا حصہ تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو اپنا ’گرو‘ بتایا۔ کرن سنگھ نے اندرا گاندھی کی دور حکومت کے حوالے سے کہا کہ ’’میں اندرا گاندھی کے ساتھ 10 سال تک کابینہ میں تھا۔ میں نے ان کی حکومت کا سب سے بہترین پَل بنگلہ دیش کی آزادی اور سب سے خراب پَل ایمرجنسی دیکھا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے 1991 میں راجیو گاندھی کے قتل کو ایک خوفناک سانحہ بتایا۔ کرن سنگھ کے مطابق 2006 میں صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لیے بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ میں سونیا گاندھی نے ان کا نام پیش کیا تھا۔ لیکن بائیں بازو کی جماعتوں نے ان کی امیدواری کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا تھا کہ ’’ہم ایک مہاراجہ کو صدر جمہوریہ کیسے بنا سکتے ہیں۔‘‘