ممبئی 22جنوری: سیف علی خان 21 جنوری کو اسپتال سے ڈسچارج ہو گئے، لیکن اس سے عین قبل انھوں نے اس آٹو ڈرائیور سے ملاقات کی جس نے انھیں زخمی حالت میں لیلاوتی اسپتال پہنچایا تھا۔ اسپتال میں ہوئی اس ملاقات کی تصویر اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان اب بہتر حالت میں ہیں اور انھوں نے آٹو ڈرائیور بھجن سنگھ سے ملاقات کر انھیں شکریہ ادا کیا ہے۔ جب یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آٹو ڈرائیور نے سیف علی خان کو اسپتال پہنچایا ہے، تو ان سے کئی میڈیا والوں نے ملاقات کی اور سیف علی خان کی حالت کے بارے میں جانکاری پوچھی۔ اپنے بیان میں آٹو ڈرائیور نے بتایا کہ انھیں تو پہلے پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ سیف علی خان ہیں۔ بعد میں جب وہ اسپتال پہنچے تو معلوم ہوا۔ اس وقت بھجن سنگھ نے سیف علی خان سے پیسے بھی نہیں لیے تھے، لیکن اب انھیں اس انسانیت بھرے جذبہ پر انعامات مل رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ فلم انڈسٹری سے منسلک فیضان انصاری نے آٹو ڈرائیور کو 11 ہزار روپے بطور انعام دیے تھے، اور اب ’نواب صاحب‘ کے نام سے مشہور سیف علی خان بھی اس ڈرائیور پر مہربان دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ سیف نے آٹو ڈرائیور سے وعدہ کیا ہے کہ ان کو بقایہ کرایہ دیا جائے گا اور کبھی ضرورت پڑی تو ان کی مزید مدد کی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ جب سیف علی خان نے آٹو ڈرائیور سے ملاقات کی تو اس وقت سیف کی ماں شرمیلا ٹیگور بھی وہاں موجود تھیں۔
انھوں نے بھی آٹو ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا۔