نئی دہلی، 15 مارچ (یو این آئی) دہلی کی سیشن عدالت نے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی طرف سے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (اے سی ایم ایم) عدالت کے سمن کے حکم کے خلاف دائر فوجداری نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت کے بعد جمعہ کو اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔اے سی ایم ایم کورٹ نے مبینہ ایکسائز ڈیوٹی پالیسی معاملے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سمن کی تعمیل نہیں کرنے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی شکایت پر پہلے مسٹر کیجریوال کو ہفتہ کے روز عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے خصوصی جج راکیش سیال نے ای ڈی اور دفاعی وکلاء کے دلائل سننے کے بعد دونوں نظرثانی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔وزیراعلیٰ نے نئی دہلی کے راؤس ایونیو میں سیشن کورٹ کے سامنے اے سی ایم ایم عدالت کے سمن کے حکم کے خلاف دو مجرمانہ نظرثانی کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ مسٹر کیجریوال کے وکیل نے عدالت کو مطلع کیا کہ ان کے موکل نے بتایا تھا کہ بطور وزیر اعلیٰ اپنی ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ سمن کے باوجود اتنے دنوں تک حاضر نہیں ہو سکے۔
لیکن ای ڈی نے اسے قبول نہیں کیا۔