سیتارام یچوری کے انتقال پر دنیائے سیاست میں غم کا ماحول سبھی پارٹیوں کے لیڈران نے کیا اظہارِ تعزیت

0
5

نئی دہلی12ستمبر: مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کا جمعرات کو دہلی واقع ایمس میں انتقال ہو گیا۔ وہ طویل مدت سے بیمار تھے۔ اسپتال اور پارٹی ذرائع نے اس سلسلے میں جانکاری دی اور بعد میں یہ خبر بھی سامنے آئی کہ اہل خانہ نے ان کے جسم کو عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سیتارام یچوری کا جسم ایمس کے حوالے کیا گیا ہے تاکہ سائنسی تحقیق میں استعمال ہو سکے۔ اس درمیان مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے لیڈران کا تعزیتی پیغام بھی سامنے آیا ہے اور تعزیت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ سیتارام یچوری کے انتقال پر کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’سیتارام یچوری جی میرے دوست تھے۔ ہندوستانی نظریات کے محافظ اور ہمارے ملک کی گہری سمجھ رکھنے والے انسان تھے۔ مجھے ہماری طویل گفتگو ہمیشہ یاد آئے گی۔ غم کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ، دوستوں اور مریدوں کے تئیں میری دلی ہمدردی۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی یچوری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ سیتارام یچوری کا انتقال ہم سبھی کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ ہمارے ملک کے تئیں ان کی سالوں کی خدمت اور محنت قابل احترام ہے۔ وہ فطری طور سے ایک مہذب انسان تھے، جو سیاست کی سخت دنیا میں توازن اور انکسار کا جذبہ لے کر آئے۔ ایشور ان کی روح کو سکون دے اور ان کے چاہنے والوں کو اس مشکل وقت کا سامنا کرنے کی طاقت ملے۔ آر جے ڈی لیڈر منوج کمار جھا نے اظہارِ تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’کچھ ہفتوں قبل میری ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ ’آگے کیا کرنا ہے‘ جملہ وہ ہمیشہ استعمال کرتے تھے… میں سمجھتا ہوں کہ ہم عصر سیاست میں ان کے جیسی سمجھ بہت کم لوگوں کے پاس تھی… آئین کی سمجھ… ابھی لالو یادو کا فون آیا… جب انتخابی نتائج آتے تھے اور اچھے نہیں ہوتے تھے تو وہ کہتے تھے انتخاب ہی تو ہارے ہیں، حوصلہ تھوڑے ہارے ہیں… سیتارام یچوری بننا آسان نہیں ہے۔‘‘
بریلی میں نوجوان کا قتل
بریلی:12 ستمبر(یواین آئی) بریلی کے میرگنج تحصیل میں بدھ کی شام سے لاپتہ نوجوان کا چاقو سے قتل کردیا گیا۔ جمعرات کی صبح اس کی لاش ریلوے لائن کے کنارے ملی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ نگریا سادات اسٹیشن کے نزدیک ریلوے لائن کے کنارے جمعرات کی صبح تھانہ میرگنج کے محلہ شیوپوری کے رہنے والے نوجوان دیواکر(22) کی لاش ایک آم کے باغ میں پڑی ملی ہے۔