نئی دہلی 20مارچ:الیکشن کمیشن نے کانگریس کی شکایت پر آج ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اہم ہدایت جاری کی ہے۔ کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کی طرف سے ووٹرس کو لبھانے کے لیے ملک بھر میں لگائے گئے ہورڈنگز، بینرس اور پوسٹرس کو 24 گھنٹوں کے اندر ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی کمیشن نے اس تعلق سے ہوئی کارروائی کی رپورٹ 21 مارچ کی شام 5 بجے تک پیش کرنے کو کہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ قدم کانگریس کی طرف سے کی گئی اس شکایت کے بعد اٹھایا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کچھ پارٹیاں اپنی حصولیابیاں ظاہر کرنے کے لیے بینرس و پوسٹرس لگا رہی ہیں۔ کانگریس نے کمیشن سے کی گئی شکایت میں چنندہ سیاسی پارٹیوں کی طرف سے ملک بھر میں لگائے گئے اہم مقامات پر ووٹرس کو لبھانے والے بینر، پوسٹر و ہورڈنگ کا تذکرہ کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ انتخابی ضابطہ اخلاق یعنی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ اس شکایت کے بعد کمیشن نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے کابینہ سکریٹری سمیت مکل کے چیف سکریٹریز کو خط لکھ کر ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز، بس اسٹینڈس، ایئرپورٹس، سرکاری بسوں، ٹیلی فون و بجلی کے کھمبوں اور سرکاری عمارتوں وغیرہ پر لگے سیاسی اشتہارات کو فوراً ہٹوانے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے اس دوران جگہ جگہ دیواروں پر لکھے گئے نعروں کو بھی مٹانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔