کولمبو،20 فروری( یو این آئی)زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پاکستانی نژاد کپتان سکندر رضا نے واضح کر دیا ہے کہ ان کے لیے قومی ذمہ داری تمام عالمی لیگز سے مقدم ہے۔ کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وطن سے اپنی محبت اور ٹیم کی حالیہ کامیابیوں پر تفصیل سے بات کی۔سکندر رضا نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر زمبابوے کی کوئی بھی سیریز انٹرنیشنل لیگز (جیسے آئی پی ایل یا پی ایس ایل) کے دوران آ جائے، تو وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے لیگ چھوڑ کر اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ ان کی قیادت میں زمبابوے کی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے۔ اب سپر 8 مرحلے میں ان کا مقابلہ ہندوستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز جیسی بڑی ٹیموں سے ہوگا۔ دلچسپ صورتحال یہ ہے کہ اگر پاکستان اور زمبابوے اپنے اپنے گروپس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لیں، تو سیمی فائنل یا فائنل میں دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہو سکتا ہے۔ لیگ کرکٹ اور کارکردگی کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا”جب آپ پرفارم کرتے ہیں تو سب خوش ہوتے ہیں، لیکن ناکامی کی صورت میں لوگ فوراً یہ کہنا شروع کر دیتے ہیں کہ کھلاڑی کا تمام تر دھیان صرف لیگ کرکٹ پر ہے۔