نئی دہلی، 7 مارچ (یو این آئی) حج کمیٹی آف انڈیاکی تشکیل کے سلسلے میں آج ایک بار پھر عدالت عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو پھٹکار لگاتے ہوئے اب تک کی اس سلسلے میں کی گئی کارروائی کی رپورٹ حلف نامے کے ذریعہ اگلی سماعت سے پہلے عدالت عظمیٰ میں داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ بات آج یہاں جاری ایک ریلیز میں کہی گئی ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق ممبر حافظ نوشاد احمد اعظمی کی طرف سے داخل عدالت عظمیٰ کی حکم عدولی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڈ اور جسٹس جےبی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی 3 رکنی بنچ نے سماعت کے دورا ن یہ ہدایت جاری کی، سرکاری سینیئر وکیل کےنٹراج نے عدالت عظمیٰ سے زبانی طور پر کہا کہ حکومت اس سلسلے میں کام کررہی ہے اور جلد کمیٹی بن جائے گی مسٹر اعظمی کے وکلا سنجےآر ہیگڑے اور طلحہ عبدالرحمٰن نےبحث کرتے ہوئے کہا کہ 27 مار چ 2023 کا فیصلہ ہوا ہے اور آج تک اس پہ کوئی عمل نہیں ہوا۔