نئی دہلی12جولائی: منی لانڈرنگ سے متعلق معاملہ میں مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کی عبوری ضمانت میں سپریم کورٹ نے توسیع کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو عبوری ضمانت میں دو ہفتوں کی توسیع کی ہدایت کی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے وکیل کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے، جسٹس بیلا ایم ترویدی کی سربراہی والی بنچ نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے بعد مقرر کی اور اس دوران عبوری راحت کی ہدایت کی۔ قبل ازیں، جنوری میں عدالت نے حکم دیا تھا کہ ملک کو طبی بنیادوں پر دی گئی عارضی ضمانت میں 6 ماہ کی توسیع کی جائے۔ ای ڈی کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے ذریعہ ملک کی عبوری ضمانت میں توسیع کی جاتی ہے تو مرکزی اینٹی منی لانڈرنگ ایجنسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ خیال رہے کہ فروری 2022 میں ای ڈی نے ریاست کے سینئر سیاسی رہنما کو اینٹی منی لانڈرنگ کیس (پی ایم ایل اے) کے تحت انڈر ورلڈ لنکس کے ساتھ مبینہ طور پر کم قیمت کی جائیداد کے سودے میں گرفتار کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال اگست میں ملک کو طبی بنیادوں پر دو ماہ کی عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔