بھوپال، 18جولائی (رپورٹر) کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور انکے بیٹے راہل گاندھی کے طیارے کی آج دیر شام بھوپال ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ وہ بنگلورو میں منعقدہ گرینڈ الائنس میٹنگ سے واپس آرہے تھے۔ بتایا جا رہا ہے اچانک خراب موسم کی وجہ سے ان کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔ وہ رات 9.35بجے فلائٹ سے دہلی روانہ ہو گئے۔ذرائع نے کہا کہ وہ تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ ہوائی اڈہ پر رہے۔ ایم ایل اے پی سی شرما، عارف مسعود اور کنال چودھری سونیا اور راہول گاندھی سے ملنے ایئرپورٹ پہنچے۔ کانگریس کی سابق صدور سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو لے جانے والے طیارے کی خراب موسم کی وجہ سے بھوپال میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ بنگلور سے دہلی جانے والی چارٹرڈ فلائٹ میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔ جس کی لینڈنگ راجہ بھوج ایئرپورٹ بھوپال پر کی گئی۔ اسی طیارے میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سمیت ان کا ذاتی عملہ سوار تھا، جو بنگلورو میں سونیا اور راہل کی طرف سے منعقدہ اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں شرکت کے بعد دہلی روانہ ہوئے تھے۔ بارش رکنے کے بعد وہ انڈیگو کی دہلی فلائٹ سے روانہ ہو گئے۔ایئرپورٹ اتھارٹی سے موصولہ اطلاع کے مطابق، جس طیارہ میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سوار تھے، شام تقریباً 7.30 بجے بھوپال ایئر ٹریفک کنٹرول ایریا میں تھا۔ اس وقت تیز بارش ہو رہی تھی۔ عملے نے اے ٹی سی سے ترجیحی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اس وقت رن وے پر کوئی دوسرا طیارہ نہیں تھا اس لیے اسے اجازت دی گئی۔ طیارہ 7.45 بجے راجہ بھوج ایئرپورٹ پر اترا۔
راہل اور سونیا کے بھوپال پہنچنے کی خبر ملتے ہی ایم ایل اے پی سی شرما، عارف مسعود۔کنال چودھری سمیت کانگریس کے کئی سینئر لیڈر ان سے ملنے ایئرپورٹ پہنچے۔ دونوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ وی آئی پی لاؤنج میں گزارا۔ پولیس اور انتظامی حکام بھی ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ اتھارٹی نے ہنگامی لینڈنگ کی تردید کی ہے۔ ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر رام جی اوستھی کے مطابق ہم نے طیارہ ترجیحی بنیاد پر لینڈ کرایا، ہمیں بعد میں معلوم ہوا کہ سونیا اور راہول گاندھی طیارے میں تھے۔