کلکتہ 15فروری (یواین آئی)وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےآج اسمبلی سندیش کھالی سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ سندیش کھالی آر ایس ایس کا گڑھ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندیش کھالی میں ہنگامہ آرائی کے پیچھے ای ڈی کا ہاتھ ہے۔جس نے شاہجہاں کو ٹارگٹ کیا اور ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’شاہ جہاں کونشانہ بنا کر ای ڈی سندیش کھالی میں داخل ہوئی۔ اقلیتوں اور قبائلیوں کے درمیان ماحول کشیدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔یہ علاقہ آر ایس ایس کا گھر ہے ۔آر ایس ایس کے لوگ اپنے چہروں پر ماسک لگاکر سندیش کھالی میں ماحول کشیدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔5 جنوری کو ای ڈی شاہ جہاں شیخ کے سندیش کھالی میں گھر کی تلاشی لینے گئی تھی۔ راشن گھوٹالہ کے الزامات کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے ۔تاہم شیخ کے حامیوں کے حملے کی وجہ سے ای ڈی اس دن گھرکی تلاشی نہیں لے سکی اور حملے میں ای ڈی کے اہلکار زخمی ہوگئے ۔