سندھو اور پرنائے ہار ے، ترشا گایتری سنگاپور اوپن کے کوارٹر فائنل میں

0
10

کلانگ، 30 مئی (یو این آئی) ہندوستان کی ٹاپ بیڈمنٹن خاتون کھلاڑی پی وی سندھو کو جمعرات کو سنگاپور اوپن کے راؤنڈ آف 16 میں اسپین کی کیرولینا مارین کے خلاف قریبی مقابلے میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ترشا-گایتری کی جوڑی نے جنوبی کوریا کی بایک ہا نا اور لی سو ہی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔آج یہاں اسپین کی شٹلر مارین نے ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کو ایک گھنٹہ آٹھ منٹ تک جاری رہنے والے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں 13-21، 21-11، 22-20 سے شکست دی۔بی ڈبلیو ایف سپر 750 ٹورنامنٹ میں دو بار کی اولمپک میڈلسٹ سندھو نے پہلے گیم کی شروعات 5-3 کی برتری کے ساتھ کی۔ سندھو نے اس کے بعد اسپین کی شٹلر کے خلاف اپنی برتری کو بڑھانا جاری رکھا اور 21-13 کے اسکور کے ساتھ پہلا گیم جیت کر میچ کا شاندار آغاز کیا۔
دوسرے گیم میں مارین نے واپسی کرتے ہوئے سندھو کے خلاف جوابی حملہ کیا اور 6-2 کی برتری حاصل کرلی۔ سنگاپور اوپن کی سابق فاتح سندھو نے دوسرے گیم میں واپسی کی کوشش کی لیکن مارین نے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا اور میچ میں 1-1 سے برابر کرلی۔تیسرے گیم میں ہندوستانی شٹلر سندھو نے شاندار آغاز کیا اور روایتی حریف مارین کے خلاف 7-2 کی شاندار برتری حاصل کی۔ تاہم اس کے بعد عالمی نمبر تین کھلاڑی نے واپسی کی اور اسکور کا فرق کم کیا۔ سندھو نے اپنی برتری میں اضافہ کیا اور 14-10 کی برتری حاصل کی۔ لیکن اس قریبی مقابلے میں مارین نے سندھو کے خلاف ایک بار پھر جوابی حملہ کیا اور سندھو کی چھوٹی غلطیوں کا فائدہ اٹھایا اور گیم 22-20 سے جیت لیا۔
اس طرح مارین نے ایک بار پھر سندھو پر فتح درج کی۔دونوں شٹلرز کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 18 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں مارین کو پلڑا بھاری رہا ہے۔ سندھو نے اسپین کی شٹلر کو چھ بار شکست دی ہے جبکہ مارین نے 12 بار کامیابی حاصل کی ہے۔اس کے ساتھ ہی خواتین کے ڈبلز زمرے میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کی ہندوستانی جوڑی نے اس مقابلے میں ہندوستانی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔ ہندوستانی جوڑی نے موجودہ آل انگلینڈ چمپئن اور جنوبی کوریا کی بایک ہا نا اور لی سو ہی کی جوڑی کو 59 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 21-9، 14-21، 21-15 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ہندوستانی جوڑی اب سیمی فائنل میں جگہ کے لیے جمعہ کو اولمپک کانسے کا تمغہ جیتنے والی اور جنوبی کوریا کی کم سو یونگ اور کانگ ہی یونگ کی جوڑی سے ٹکرائے گی۔ہندوستان کے ایچ ایس پرنائے کو بھی مردوں کے سنگلز میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ پرنائے کو جاپان کے نچلے درجے کے کینتا نشیموٹے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
1 گھنٹہ 18 منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ میں جاپانی شٹلر نے دنیا کے 10 نمبر کے ہندوستانی کھلاڑی کو 21-13، 14-21، 21-15 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔اس سے قبل بدھ کو کامن ویلتھ چیمپئن لکشیا سین اور کدامبی سری کانت مردوں کے سنگلز زمرے میں پہلے ہی مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔ لکشیا ٹاپ سیڈ وکٹر ایکسلسن سے ہار گئے جبکہ سری کانت ریٹائرڈ ہرٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے میں ناکام رہے۔