نئی دہلی، 6 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی دھماکہ خیز وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن نے اپنی دمدار بلے بازی اور مسلسل شاندار کارکردگی سے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا ہے۔سنجو سیمسن نے سال 2024 میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی کے طور پر کرکٹ کی دنیا میں ایک خاص شناخت بنائی ہے۔ گزشتہ سال ہندوستانی کرکٹ میں کئی تاریخی پرفارمنس دیکھنے کو ملی جو یادگار بن گئیں۔ سنجو نے گھریلو اور بین الاقوامی سطح کے میچوں میں دباؤ کے باوجود اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ہندوستانی ٹیم کے سب سے قابل اعتماد کھلاڑی کے طور پر جگہ بنائی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، سنجو سال 2024 میں ٹی-20 میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی وکٹ کیپر اور لگاتار دو سنچریاں بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز ہیں۔ انہوں نے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ تین ٹی ٹوئنٹی سنچریاں اسکور کی ہیں۔ سنجو کی سنچری کا سلسلہ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف 47 گیندوں میں 111 رنز کی شاندار اننگ سے شروع ہوا۔ ان کی اس اننگز کی بدولت ہندوستان نے سیریز 3-0 سے جیت لی۔ انہوں نے ڈربن کے کنگس میڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 50 گیندوں پر دھماکہ خیز 107 رنز بنائے۔ اس میچ میں ہندوستان کو 61 رنوں کی بڑی جیت حاصؒ ہوئی۔ سیمسن نے دھماکے دار بلے بازی کرتے ہوئے 56 گیندوں پر ناقابل شکست 109 رنز بنا کر سال کی تیسری ٹی ٹوئنٹی سنچری بنا کر تاریخ رقم کردی۔گزشتہ سال سیمسن نے 13 میچوں میں تین سنچری، ایک نصف سنچری سمیت کل 436 رنز بنائے۔ ان کا سب سے زیادہ سنچری ریکارڈ 111 رنز کا ہے۔ اس دوران انہوں نے 35 چوکے اور 31 چھکے لگائے۔