نئی دہلی 13جنوری:سنبھل تشدد کے بعد سرخیوں میں آئے سرکل افسر انوج چودھری پولیس وردی میں ہنومان کی گدا لے کر گھومنے کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئے ہیں۔ اس حوالے سے ان کے خلاف سابق آئی پی ایس اور آزاد ادھیکار سینا کے قومی صدر امیتابھ ٹھاکر نے ڈی جی پی سے شکایت کی تھی۔ شکایت کے بعد ڈی آئی جی نے سرکل افسر (سی او )کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ واضح ہو کہ نئے سال کے موقع پر کھگّو سرائے علاقہ میں کارتیکیہ مہادیو مندر کی رتھ یاترا کے دوران انوج چودھری ہنومان بن کر گدا لے کر آگے آگے چل رہے تھے۔ امیتابھ ٹھاکر نے ڈی جے پی سے کی گئی شکایت میں انوج چودھری پر الزام لگایا ہے کہ ’’انوج چودھری نے اپنی پولیس وردی کا استعمال کرتے ہوئے ڈیوٹی کے دوران مختلف مذہبی سرگرمیوں میں شرکت کی۔ ان میں مذہبی جلوس میں گدا اٹھانے، بھجن گانے اور مندروں میں مذہبی رسومات میں شامل ہونے جیسے عمل شامل ہیں۔‘‘ انہوں نے آگے کہا کہ ’’یہ سرگرمیاں اتر پردیش گورنمنٹ سرونٹ کنڈکٹ رولز 1956 کے رول 3 اور 4 کے ساتھ ساتھ ڈی جی پی کے 6 اکتوبر 2014 کے سرکلر کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔