رام پور9جولائی: انتظامیہ نے ایک بار پھر سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان کے ہمسفر ریزورٹ پر بلڈوزر چلانے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق منگل کو جے سی بی کے ساتھ پہنچے ایس ڈی ایم نے ’سرکاری زمین‘ پر بنی دیوار اور عمارت کو گرانے کا کام شروع کر دیا۔ انتظامیہ کے اس اقدام سے علاقے میں افرا تفری پھیل گئی ہے۔ شہر کے رکن اسمبلی آکاش سکسینہ کی شکایت پر معاملہ میں تیزی سے کارروائی کی گئی ہے۔ چند روز قبل آکاش سکسینہ نے ایک خط لکھ کر کارروائی کے لیے یاد دہانی بھیجی تھی۔ جس کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی شروع کر دی ہے۔ وہیںسماجوادی پارٹی کے ریاستی سکریٹری اومندر چوہان نے اس کارروائی پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تحصیلدار صدر کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اس ریزورٹ میں کھاد کے گڑھوں کی 0.038 ہیکٹر اراضی ہے جس کا گاٹا نمبر 164 ہے۔ پیمائش عدالت کے حکم پر کی گئی۔ تصدیق ہوئی کہ یہ زمین کھاد کے گڑھوں کی ہے۔ عدالت نے ناجائز تجاوزات ہٹانے اور معاوضے کی وصولی کا حکم دیا تھا۔ لیکن اس کے بعد سے یہ کارروائی سست پڑ گئی۔ تین دن قبل جب شہر کے رکن اسمبلی آکاش سکسینہ نے تحصیل انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک یاد دہانی بھیجی تو انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ عدالتی حکم کی تعمیل میں انتظامیہ کی ٹیم جے سی بی لے کر ہمسفر ریزورٹ پہنچی اور تجاوزات ہٹانے کا عمل شروع کر دیا۔ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو جے سی بی کی مدد سے ہٹایا گیا۔