لکھنو15مارچ: سماجوادی پارٹی نے لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اپنی تیسری فہرست جاری کر دی ہے۔ جمعہ کے روز سماجوادی پارٹی نے جاری کی گئی تازہ فہرست میں 6 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی بھدوہی سیٹ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ میں شامل پارٹی ترنمول کانگریس کے لیے چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جو تازہ فہرست جاری کی ہے اس کے مطابق بجنور سے یشویر سنگھ، نگینہ سے منوج کمار، میرٹھ سے بھانوپرتاپ سنگھ ایڈووکیٹ، علی گڑھ سے بجیندر سنگھ، ہاتھرس سے جسویر بالمیک اور لال گنج سے داروغہ سروج کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ ترنمول کانگریس کو جو بھدوہی لوک سبھا سیٹ ملی ہے، وہاں سے وہ کس امیدوار کو کھڑا کرتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ انڈیا اتحاد میں شامل کانگریس نے ابھی تک اتر پردیش کی کسی بھی سیٹ کے لیے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔
سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں سے متعلق ہوئی بات چیت میں جو طے پایا ہے اس کے مطابق کانگریس کو 17 لوک سبھا سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے ہیں۔ کانگریس نے امیدواروں کی دو فہرست اب تک جاری کی ہے، جس میں اتر پردیش کی کسی بھی سیٹ سے امیدوار کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی کانگریس کے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری ہوگی جس میں اتر پردیش کی لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدوار کے نام ظاہر کیے جائیں گے۔