کولمبو، 16 مئی (یو این آئی) سری لنکا کی خواتین ٹیم 15 سے 28 جون تک ویسٹ انڈیز کے ساتھ تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گی۔سری لنکا میں 20 جولائی سے ہونے والے ٹی-20 ایشیا کپ کی تیاریوں کے پیش نظر اس سیریز کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ مارچ اور اپریل میں جنوبی افریقہ کے کامیاب دورے کے بعد رواں سال سری لنکا کی خواتین ٹیم کی یہ دوسری دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔ سری لنکن ٹیم اگست میں آئرلینڈ کا دورہ کرے گی۔ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا ایک ماہ طویل دورہ مکمل کیا جہاں اس نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان 2017 میں دو طرفہ سیریز کھیلی گئی تھی جس میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے دونوں میں وائٹ واش کیا تھا۔ون ڈے سیریز 15 سے 21 جون تک گال میں کھیلی جائے گی اور یہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ جس سے 2025 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی راہ ہموار ہوگی۔ ویمنز چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں اس وقت ویسٹ انڈیز ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔