دمبولا، 22 جولائی (یو این آئی) کپتان چماری اتاپاتو کی ناٹ آؤٹ سنچری (119) اور گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے خواتین ایشیا کپ کے ساتویں میچ میں پیر کو ملائیشیا کو ریکارڈ 144 رنز سے شکست دے دی۔ 185 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملائیشین ٹیم کا کوئی بھی بلے باز سری لنکن باؤلرز کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔ ملائیشیا کی جانب سے ایلسا ہنٹر نے سب سے زیادہ 10 رنز بنائے۔ اگرچہ اس دوران اینا نجوا نے ہمت دکھائی لیکن کسی اور بلے باز نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ اینا نجوا (9) 9 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ باقی ماندہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگرز تک نہیں پہنچ سکا۔ سری لنکن باؤلرز نے ملائیشیا کو 20 اوورز میں 40 رنز تک محدود کر کے میچ 144 رنز سے جیت لیا۔ سری لنکا کی جانب سے ششینی جمہانی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ کاویہ کویندی اور کاویشا دلہری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کاویشا دلہری، سچنی نسسالہ اور اما کنچنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل آج سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن ٹیم نے چماری اتاپاتو کی ناٹ آؤٹ (119) اننگز کی بنیاد پر ملائیشیا کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا تھا۔ تاہم بیٹنگ کے لیے آنے والی سری لنکا کی شروعات اچھی نہیں تھی اور اسے پہلا جھٹکا دوسرے اوور میں وشمی گنارتنے (ایک) رن کی صورت میں لگا۔ اس کے بعد کپتان اتاپاتو نے ہرشیتا سماراویکراما کے ساتھ محتاط انداز میں بلے بازی کی اور دوسری وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے۔ 10ویں اوور میں ماہرہ عزت اسماعیل نے ہرشیتا سماراویکرما (26) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی انوشکا سنجیوانی نے کپتان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 115 رنز کی شراکت قائم کی۔ انوشکا سنجیوانی نے 24 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ چماری اتاپاتو نے 69 گیندوں میں 14 چوکے اور سات چھکے مار کر ناٹ آؤٹ(119) رنز کی سنچری کھیلی۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔ ملائیشیا کی جانب سے وینفریڈ دورائسنگم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سوبیکا منیوانن اور ماہرہ عزت اسماعیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔