کولمبو 11 جولائی (یو این آئی) سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 26 جولائی کو پلے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے رواں ماہ کے آخر میں ہندستان کے ساتھ ٹی 20 اور یک روزہ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دوران سری لنکا اور ہندستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ ہندستان کا سری لنکا دورہ ٹی-20 سیریز سے شروع ہوگا۔ اس کے بعد ون ڈے سیریز شروع ہوگی۔ ٹی ٹوئنٹی میچ 26، 27 اور 29 جولائی کو ہوں گے۔ ون ڈے سیریز کے میچ یکم، چار اور سات اگست کو کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچ پلے کیلے میں اور ون ڈے میچ کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ گوتم گمبھیر کا بطور ہندوستانی کوچ یہ پہلا دورہ بھی ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستانی ٹیم کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت زمبابوے میں پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیل رہی ہے۔