پیرس، 25 جولائی (یو این آئی) ہندوستانی خاتون ٹیبل ٹینس کھلاڑی شریجا اکولا کی حالیہ شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ملک کو پیرس اولمپکس 2024 میں ان سے تمغے کی امید ہے۔ پیرس اولمپکس میں 27 جولائی سے شروع ہونے والے ٹیبل ٹینس ایونٹ کے خواتین کے سنگلز زمرے میں 16 ویں سیڈ سریجا اکولا کا مقابلہ راؤنڈ آف 64 میں سویڈن کی کرسٹینا کالبرگ سے ہوگا۔ سریجا اکولا نے ٹیبل ٹینس سنگلز اور خواتین ٹیم ایونٹس میں پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔اس سال سریجا اکولا نے اپنے کیریئر میں بہت بڑی چھلانگ لگائی ہے اور ملک کی نمبر ایک ٹیبل ٹینس کھلاڑی مانیکا بترا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ایک کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔ اکولا نے سال 2022 میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ایونٹ میں شرتھ کمال سے مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ 25 سالہ کھلاڑی اکولا کو ان کی شاندار کامیابیوں پر 2022 میں ارجن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ مانیکا بترا پیرس اولمپکس 2024 میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں برطانیہ کی 18 سالہ اینا ہرسی سے مقابلہ کریں گی۔ اینا ہرسی اپنا اولمپک ڈیبیو کریں گی۔ دریں اثنا، پیرس 2024 اولمپکس میں اس بار مردوں کی ٹیم کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ ابتدائی راؤنڈ میں چار بار گولڈ میڈلسٹ چین سے ہوگا۔ ہندوستان نے پہلی بار اولمپکس میں ٹیبل ٹینس میں ٹیم ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ مردوں کے سنگلز میں تجربہ کار شرتھ کمال کا مقابلہ پہلے راؤنڈ میں سلووینیا کے 27 سالہ دانی کوزول سے ہوگا۔ کوجول نے ٹوکیو 2020 میں حصہ لیا تھا جبکہ شرتھ کمل پانچویں مرتبہ اولمپکس میں حصہ لے رہے ہیں۔ ہرمیت دیسائی اپنی مردوں کے سنگلز مہم کا آغاز ابتدائی راؤنڈ سے کریں گے۔ دیسائی کا مقابلہ 27 جولائی کو اردن کے زید ابو یامان سے ہوگا۔ مینز اور ویمنز سنگلز کے ابتدائی راؤنڈز میں تین تین میچ ہوں گے۔ابتدائی راؤنڈ کے فاتح راؤنڈ آف کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ اگر ہرمیت دیسائی ابتدائی مقابلے جیت جاتے ہیں تو ان کا مقابلہ مین ڈرا میں عالمی نمبر پانچ فرانس کے فیلکس لیبرون سے ہوگا۔ پیرس 2024 میں ٹیبل ٹینس کے مقابلے 27 جولائی سے 10 اگست کے درمیان ہوں گے۔ مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مکسڈ ڈبلز، مینز ٹیم اور ویمنز ٹیم سمیت پانچوں مقابلے جنوبی پیرس ایرینا میں منعقد ہوں گے۔ پیرس 2024 اولمپکس میں ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں اور ٹیموں کی قرعہ اندازی حسب ذیل ہے:-
مردوں کی ٹیم: راؤنڈ آف 16: انڈیا بمقابلہ چین خواتین کی ٹیم: راؤنڈ آف 16: انڈیا بمقابلہ رومانیہ مینز سنگلز:ابتدائی راؤنڈ: ہرمیت دیسائی بمقابلہ زید ابو یامان (اردن)، راؤنڈ آف 64: شرتھ کمال بمقابلہ ڈینی کوزول (سلووینیا)، ویمنز سنگلز: راؤنڈ آف 64: مانیکا بترا بمقابلہ انا ہرسی (برطانیہ)، راؤنڈ آف 64: سریجا اکولا بمقابلہ کرسٹینا کالبرگ (سویڈن)۔