نئی دہلی، یکم جون (یو این آئی) کسی زمانے میں ہمارے ملک میں باکسنگ جیسا کھیل صرف مردوں کے لئے ہی ہوتا تھا۔ خاتون باکسر کا تو تصور ہی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ہندستان چونکہ کھیلوں کا مرکز اور امن کا گہوارہ ہے اور یہاں سےکرکٹ، فٹ بال،ہاکی، باکسنگ، جمناسٹک اور کئی کھیلوں کے نیشنل اور انٹرنیشنل کھلاڑی پیدا ہوئے ہیں۔
اس لئے اس سرزمین سے کھیلوں کے ہر شعبے میں مرد اور خاتون کھلاڑیوں نے ملک کا ریاستی اور بین الاقوامی سطح پر نام روشن کیا ہے۔ اس میں دو رائے نہیں ہے کہ ہندستان میں خواتین باکسرز کا مستقبل روشن ہے۔ہندستانی باکسر قومی اور بین الاقوامی سطح پر باکسنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز جیت کر لاتی ہیں۔ سرجوبالا دیوی بھی انہی کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو ایک لاجواب ہندوستانی خاتون باکسر ہیں ۔
انہوں نے 2016 کے ریو اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ سرجوبالا چار بار کی قومی چیمپئن ہیں اور کئی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں تمغے جیت چکی ہیں۔ سرجوبالا دیوی کی پیدائش یکم جون 1993 میں منی پور میں ہوئی۔ سرجو بالا نے بچپن میں اپنے خاندان میں جس قسم کی غربت دیکھی ہے وہ انتہائی خوفناک تھی۔ ان کی ماں کپڑوں کی سلائی کرتی تھیں اور اور کپڑے پر پرنٹس کرتی تھیں، ان سے جمع ہونے والی رقم سے وہ سرجو کو باکسنگ کی تربیت دلواتی تھیں۔
سرجوبالا دیوی کے والد راجن پانی کا ٹینکر چلاتے تھے اور امپھال کی تنگ گلیوں میں گھوم گھوم کر پانی بیچتے تھے ،جہاں پینے کے پانی کی قلت ہوتی تھی۔ سرجوبالا جب قومی ٹیم میں کھیلنے کے لیے منتخب ہوئیں ، اس وقت ان کے خاندان کے پاس قومی چیمپئن شپ میں کھیلنے کے لیے پیسے نہیں تھے۔