لکھنو23ستمبر:سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پیر کے روز برسراقتدار بی جے پی کی یوگی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’سب سے کمزور لوگ ہی ’انکاؤنٹر‘ کو اپنی طاقت تصور کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اتر پردیش کی بیدار عوام نے جس طرح لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کو شکست دی ہے، بی جے پی والے اسی کا بدلہ لے رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سلطان پور میں گزشتہ ماہ ہوئی ایک ڈکیتی کا ملزم اناؤ میں یوپی پولیس کے ساتھ ہوئے تصادم میں ہلاک ہو گیا۔ اس کے چند گھنٹوں بعد ہی سماجوادی پارٹی چیف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سب سے کمزور لوگ ہی ’انکاؤنٹر‘ کو اپنی طاقت مانتے ہیں۔ کسی کا بھی فرضی انکاؤنٹر ناانصافی ہے۔‘‘ اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ ’’تشدد اور خون سے اتر پردیش کی شبیہ کو مندمل کرنا اتر پردیش کے مستقبل کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’آج کا برسراقتدار طبقہ جانتا ہے کہ وہ مستقبل میں پھر کبھی واپس نہیں چنے جائیں گے۔ اسی لیے وہ جاتے جاتے اتر پردیش میں ایسے حالات پیدا کر دینا چاہتے ہیں کہ ریاست میں کوئی داخل نہ ہو اور یہاں کاروبار نہ کرے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’جن کا خود کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، وہی مستقبل بگاڑتے ہیں۔ قابل مذمت۔‘‘
پہلے مافیا متوازی حکومت چلا تےتھے:یوگی
مرزاپور:23ستمبر(یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو سابقہ حکومتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ سال 2017 سے پہلے مافیا متوازی حکومت چلا رہے تھے۔ کان کنی، مویشی، منظم جرائم، لینڈ مافیا غالب تھے۔ جب ان کا قافلہ گزرتا تو عوام خوفزدہ ہو جاتے اور انتظامیہ سلامی دیتی۔ مافیا کو کوئی ہاتھ لگانے کی جرات نہیں کرتا تھا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو مرزاپور کے گوپالپور بلاک پہاڑی میں 756 کروڑ کی 127 ترقیاتی پروجکٹوں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا۔پروگرام میں سوامی وویکانند یوتھ ایمپاورمنٹ اسکیم کے تحت 1500 سے زیادہ نوجوانوں میں اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ تقسیم کیے گئے۔