نئی دہلی 27دسمبر:کانگریس کے اعلیٰ پالیسی ساز ادارے، کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمعہ شام ایک اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ اجلاس شام 5:30 بجے کانگریس کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوگا، جس میں سی ڈبلیو سی کے اراکین اور خصوصی مدعوین شرکت کریں گے۔ کانگریس کے تنظیمی جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، “سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج شام 5:30 بجے کانگریس ہیڈکوارٹر میں سی ڈبلیو سی ممبران کا اجلاس بلایا گیا ہے۔” وینوگوپال نے مزید بتایا، ’’منموہن سنگھ جی کا جسد خاکی آج ان کی رہائش گاہ 3، موتی لال نہرو مارگ پر رکھا جائے گا تاکہ لوگ وہاں پہنچ کر ان کے آخری دیدار کرسکیں۔ کل، 28 دسمبر کو صبح 8 بجے، ان کے جسد خاکی کو اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر لایا جائے گا اور صبح 8:30 سے 9:30 بجے تک عوام اور کانگریس کارکنان انہیں خراج عقیدت پیش کر سکیں گے۔‘‘ کانگریس پارٹی کے مطابق منموہن سنگھ کی آخری رسومات کی تقریب کل صبح 9:30 بجے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر سے شروع ہوگی، اور ان کا جسد خاکی شمشان گھاٹ تک لے جایا جائے گا۔ منموہن سنگھ کا انتقال جمعرات کی رات ہوا تھا۔ وہ 92 برس کے تھے اور کئی سالوں سے صحت کے مختلف مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔ ان کی رحلت پر کانگریس پارٹی سمیت ملک بھر میں غم و افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔