نئی دہلی 7ستمبر:سابق زیر تربیت آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر کے خلاف آج مرکزی حکومت نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے انھیں برخاست کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ ذرائع کے حوالے سے کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ہفتہ کے روز فوری اثر سے انھیں برخاست کر دیا۔ حکومت کی جانب سے یہ کارروائی آئی اے ایس (پروبیشن) ایکٹ 1954 کے اصول 12 کے تحت کی گئی ہے۔ اس سے قبل یو پی ایس سی نے آئی اے ایس کی امیدواری رد کرتے ہوئے ان کے خلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کرایا تھا۔ مرکزی حکومت کا تازہ فیصلہ پہلے سے ہی پریشانیوں میں مبتلا پوجا کھیڈکر کے لیے ایک زبردست جھٹکا ہے۔
وہ فرضی دستاویزات بنانے کے الزامات کے بعد لگاتار مقدمات اور عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہی ہیں۔ جمعہ کے روز بھی پوجا کھیڈکر نے دہلی ہائی کورٹ سے کہا تھا کہ وہ ایمس میں اپنی معذوری کی جانچ کرانے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے دہلی ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی عرضی بھی داخل کی ہے۔ کھیڈکر کی جانب سے یہ دلیل دہلی پولیس کے اس الزام پر دیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی معذوری سے متعلق سرٹیفکیٹ فرضی ہو سکتی ہے۔ کھیڈکر پر دھوکہ دہی کرنے کے ساتھ ساتھ او بی سی اور معذور کورٹہ کا غلط طریقے سے فائدہ لینے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔