میرپور، 12 مئی (یو این آئی) برائن بینیٹ (70) کی آل راؤنڈ کارکردگی اور سکندر رضا کے ناٹ آوٹ 72 رن کی نصف سنچری کی بنیاد پر زمبابوے نے بنگلہ دیش کو پانچویں ٹی-20 میچ میں یکطرفہ طور پر آٹھ وکٹ سے شکست دے دی ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے آغاز سے قبل تمام ٹیموں کی جانب سے کی جا رہی تیاریوں کو مضبوط بنانے کے لیے بنگلہ دیش پہنچنے والی زمبابوے کی ٹیم سیریز کے پہلے چار میچ ہارنے کے بعد پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہار گئی تھی۔ ایسے میں بنگلہ دیش کو آج کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں الٹ پھیر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ زمبابوے کی یہ جیت ٹاپ ٹیموں کے لیے انتباہ ہے کہ انھیں ہلکے میں نہ لیں۔ آج زمبابوے نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹوں پر 157 رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمود اللہ نے 44 گیندوں (54)، کپتان نظم ال شانتو نے 28 گیندوں (36)، شکیب الحسن (21)، ذاکر علی ناٹ آوٹ (24)، محمد سیف الدین ناٹ آؤٹ (6)، سومیا سرکار (7) رن بنائے۔ بنگلہ دیش نے زمبابوے کو جیت کے لیے 158 رن کا ہدف دیا تھا۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مجاربانی اور برائن بینیٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویلنگٹن مساکاٹجا اور لیوک جونگوے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 158 رن کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز اچھا نہیں رہا اور وہ پانچویں اوور میں تادیوناشے مارومانی (1) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد برائن بینیٹ اور کپتان سکندر رضا نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 75 رن کی شراکت ہوئی۔ برائن بینیٹ نے 49 گیندوں میں پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 70 رن بنائے۔ سکندر رضا نے 46 گیندوں پر 72 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ جوناتھن کیمبل آٹھ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کی ٹیم نے 18.3 اووروں میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناکر میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور محمد سیف الدین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔