بلاوایو، 29 دسمبر (یو این آئی) افغانستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ دونوں ٹیموں کے تاریخی ریکارڈز کے ساتھ پیر کو ڈرا ہوگیا۔ آج یہاں افغانستان نے کل کے اسکور تین وکٹ 515 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ افغانستان کی چوتھی وکٹ 639 کے اسکور پر افسر زازئی (113) کی صورت میں گری۔ اس دوران کپتان حشمت اللہ شاہدی نے اپنی پہلی ڈبل سنچری بھی مکمل کی۔ شاہدی نے 474 گیندوں میں 21 چوکوں کی مدد سے 246 رن بنائے۔ انہیں برائن بینیٹ نے آؤٹ کیا۔ شاہد اللہ (29) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد افغانستان کی پوری ٹیم تاش کے پتوں کی طرح گرگئی۔ افغانستان نے زمبابوے کے خلاف 197 اووروں میں 699 رن کا بڑا سکور بنا کر 113 رن کی برتری حاصل کر لی۔
زمبابوے کی جانب سے برائن بینیٹ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ شان ولیم نے دو وکٹ لیں۔ بلیسنگ مزاربانی، ٹریور گوانڈو اور نیومین نیاموری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے آنے والی زمبابوے نے بین کیورن (41)، جویلورڈ گیمبی (24)، شان ولیمز (ناٹ آؤٹ 35) اور کریگ ایرون (22 ناٹ آؤٹ) کی شاندار اننگز کی بدولت 34 اووروں میں چار وکٹ پر 142 رن بنائے۔ افغانستان کی جانب سے ظہیر خان نے دو اور اے ایم غضنفر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ شان ولیمز (154)، کپتان کریگ ایرون (104) اور برائن بینیٹ (ناٹ آؤٹ 110) کی اننگز کی بنیاد پر زمبابوے نے پہلی اننگز میں 586 رن کا ریکارڈ اسکور بنایا تھا۔